بنگلورو،11؍اگست(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے تمام 198 وارڈوں میں کارپوریٹر پارٹی امتیازات سے بالا تر ہوکر فلیکس اور بینر ہٹانے کے لئے جاری مہم کو کامیاب بنائیں اور شہر بنگلور کو فلیکس بینروں اور پوسٹروں سے پاک کرنے میں بی بی ایم پی کا ساتھ دیں۔
یہ بات آج شہر کے میئر سمپت راج نے کہی۔ بی بی ایم پی میں حکمران پارٹی لیڈر شیوراج اور دیگر کے ساتھ گاندھی نگر کے رام چندرا پورہ وارڈ میں دیواروں پر چسپاں پوسٹر ہٹانے کی مہم چلانے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے میئر نے کہاکہ ہائی کورٹ نے ہدایت دی ہے کہ بی بی ایم پی شہر بنگلور کو جلد از جلد فلیکس ، بینروں اورپوسٹروں سے نجات دلانے کی مہم مکمل کرے۔ بی بی ایم پی کی طرف سے بڑے پیمانے پر یہ مہم شروع کی جاچکی ہے، اس کے باوجود بھی عدالت نے بی بی ایم پی کو 48 گھنٹوں کا وقت دیا ہے، اور تنبیہہ کی ہے کہ شہر میں صد فیصد فلیکس ، بینر اور پوسٹرس ہٹا دئے جائیں۔ میئر نے کہاکہ اس مہم کو کافی تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے تاکہ عدالت کے حکم کی تعمیل ہو اور ساتھ ہی شہر کی صفائی یقینی بنانے کے ساتھ بنگلور کی خوبصورتی پر داغ بننے والے فلیکس اور بینروں کو ختم کردیا جائے۔
میئر نے کہاکہ دو دنوں کے اندر بنگلور کو فلیکس اور بینروں سے صد فیصد خالی کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس مہم کے بعد شہر میں دوبارہ کہیں فلیکس اور بینر نظر آیا تو اس کے لئے ذمہ دار افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کئے جائیں گے اور چھ ماہ کی قید کے ساتھ ایک لاکھ روپیوں تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ میئر نے کہاکہ ہائی کورٹ کی ہدایت کی بنیاد پر جرمانے کی کارروائی کافی سختی کے ساتھ کی جائے گی۔